پی ڈی اے، طلبہ ونگ اور یوتھ فورم کے وفد کی وی سی کے ایم یو سے ملاقات

April 08, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) خیبر پختونخوا اور پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن طلبہ ونگ، پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن یوتھ فورم کے اراکین پر مشتمل وفد نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے نئے تعینات وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء الحق سے ملاقات کی، وفد نے وائس چانسلر کو مبارک باد دی اور میڈیکل سٹوڈنٹس کے اہم مسائل پر تفصیلات اور تجاویز پیش کیں ۔ وائس چانسلر کو سال آخر ایم بی بی ایس کے امتحان کے نتائج کی جلد تیاری کی ضرورت اور ہاؤس آفیسرز نہ ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال کی پیچیدگی سے آگاہ کیا گیا وائس چانسلر نے اتفاق کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اس ماہ کے اواخر تک نتائج جاری کئے جائیں گے ۔ وفد نے امتحانات کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے اور طلبہ میں امتحانات سے متعلق خوف کے خاتمہ کی اہمیت پر زور دیا ، کیمز کوہاٹ میں ہوسٹل کے مسئلے کی نشاندہی کی وی سی نے جلد از جلد ہوسٹل کے لئے ٹینڈر کی منظوری کی یقین دہانی کرائی ۔وائس چانسلر نے کہا کہ کیمز کوہاٹ کے تدریسی ہسپتال میں ایف سی پی ایس کی تربیت کے لئے نئے یونٹس کی منظوری آخری مراحل میں ہے جس میں ڈینٹل ہسپتال میں تربیت کی سہولت نماياں ہے ۔