اسکولوں کی بندش کیخلاف مظاہرہ، پارلیمنٹ جانے والی سڑک بند

April 08, 2021


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کی بندش کےخلاف آل پاکستان پرائیویٹ اسکول وکالج ایسوسی ایشن کے احتجاج کے پیشِ نظر پارلیمنٹ جانے والی سڑک کو بیریئر لگا کربند کردیا گیا ہے۔

آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ڈی چوک کی طرف مارچ کر رہے ہیں، مظاہرین نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔

ڈی چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ واٹر کینن بھی پہنچ گئی، ڈی چوک سے پارلیمنٹ جانے والی سڑک کو بیریئر لگا کربند کردیا گیا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں کلاس تک اسکولز 28 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔