خیبرپختونخوا ‘مختلف اضلاع میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں

April 10, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جعلی مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8500 لیٹر سے زائد جعلی و مضر صحت مشروبات برآمد کرلیے۔بنوں کے علاقے ڈومیل میں جعلی مشروبات تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا، جس کے دوران فیکٹری سے 5000لیٹر سے زائد جعلی و ناقص مشروبات برآمد کیے گئے جس پر فیکٹری کو سیل کیا گیا۔ ضلع ملاکنڈ کے علاقے سخاکوٹ اور درگئی میں بھی جعلی مشروبات کے خلاف کاروائی کی گئی، جس کے دوران مختلف دکانوں سے 3000 لیٹر سے زائد جعلی مشروبات برآمد کئے گئے۔ لوئر کرم میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، کاروائی کے دوران 250 لیٹر سے زائد مضر صحت اور زائد المعیاد مشروبات برآمد کئے گئے۔ دیر لوئر میں کاروائی کے دوران ایک گودام سے 2000 لیٹر مضرصحت خوردنی تیل برآمد کیا گیا، جسے موقع پر تلف کیا گیا۔ناقص صفائی اور ممنوع اشیاء رکھنے پر ہری پور میں ایک ریسٹورنٹ اور ٹک شاپ کو سیل کیا گیا۔