کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں پر علی رضا سید کی مذمت

April 11, 2021

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی مسلسل شہادتوں کی مذمت کی گئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے حالیہ دنوں پلواما اور شوپیاں کے اضلاع میں کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوجی آرمڈ فورسسز اسپیشل ایکٹ کے تحت ناجائز اختیارات کو کشمیریوں کا قتل عام کرنے خصوصاً نوجوانوں کو مارنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

علی رضا سید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی نسل کشی کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلاناہے تا کہ ان پر دباؤ برقرار رکھا جاسکے اور انہیں جدوجہد آزادی سے روکا جاسکے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں میں تلاشی اور چیکنگ کے دوران شوپیاں کے علاقے جان محلہ اور پلواما کے علاقے نیبوغ میں 7 کشمیری نوجوان بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مارے جاچکے ہیں، فوجیوں نے آپریشن کے دوران شوپیاں میں ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچایا۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اگرچہ صحافی انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں ان صحافیوں پر پابندی ہے جو انسانی حقوق کو اجاگر کرتے ہیں اور کشمیریوں کے قتل عام کی رپورٹنگ کرتے ہیں، اظہار رائے کی آزادی پر پابندی اور میڈیا پر قدغن عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلواما میں جمعرات کی رات کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں خصوصی جیل میں قیدیوں پر تشدد کی بھی مذمت کی۔

انہوں نے 1993ء میں لال چوک سری نگر میں ان 125 شہیدوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جو بھارتی فوج کی طرف سے 59 مکانات اور 190 دوکانوں کو جلائے جانے کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ سخت مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ملین بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہیں جو کشمیریوں کے حقوق غصب کر رہے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری حق پر ہیں جو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ بھارت غلط اور ظالمانہ طریقے سے ان کے حقوق دبا رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے ذمہ دار ہے۔

علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے عالمی برادری اور عالمی سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔