کمبھ میلہ نہیں، کورونا ایٹم بم ہے، وائرل ایکسپلوژن کا ذمہ دار کون؟ رام گوپال ورما

April 14, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں کورونا وائرس انفیکشن کے بڑھتے اثرات سے سبھی پریشان ہیں۔ ریاستی حکومتیں سخت احتیاطی اقدام کررہی ہیں، لیکن پھر بھی کئی مقامات پر نہ ہی لوگ گائیڈ لائنس کا خیال رکھ رہے ہیں، اور نہ ہی سماجی فاصلے پر عمل کر رہے ہیں۔ اتراکھنڈ کے ہریدوار واقع کمبھ میلہ کا نظارہ تو انتہائی خطرناک ہے جس کے متعلق کئی رپورٹس سامنے آ چکی ہیں۔ بولی وڈ کی کئی شخصیات نے بھی کمبھ میلہ میں بھیڑ اور ’شاہی اسنان‘ کے دوران کورونا گائیڈ لائن میں کی گئی لاپروائی کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ کمبھ کی بھیڑ پر تازہ تنقید فلم ہدایت کار رام گوپال ورما نے کی ہے۔اپنی بے باکی اور بے خوف بیانات کے لیے مشہور رام گوپال ورما نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے اور کورونا دور میں ہری دوار میں کمبھ میلہ کے دوران شاہی اسنان پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’جو آپ دیکھ رہے ہیں وہ کمبھ میلہ نہیں ہے بلکہ یہ کورونا ایٹم بم ہے۔ میں حیران ہو رہا ہوں کہ اس وائرل ایکسپلوزن کا ذمہ دار کسے ٹھہرایا جائے گا؟‘واضح رہے کہ مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا کا اثر فلم انڈسٹری پر واضح طور پرنظر آرہے ہیں۔ رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، اکشے کمار، گووندا، کیٹرینہ کیف، وکی کوشل اور بھومی پیڈنیکر جیسے ستارے کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔