بائیڈن کا 9/11 کی 20ویں برسی سے پہلے افغانستان سے فوجی انخلا کا فیصلہ

April 14, 2021

بائیڈن کا 9/11 کی 20ویں برسی سے پہلے افغانستان سے فوجی انخلا کا فیصلہ

واشنگٹن (اے ایف پی /جنگ نیوز )صدر جو بائیڈن رواں برس 11 ستمبر تک غیر مشروط طور پر افغانستان سے امریکی فوجی واپس بلا لیں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ اور طالبان معاہدے کے تحت انخلاء کیلئے مئی کی تاریخ طے ہوئی تھی، 25ہزار امریکی فوجی افغانستان میں موجود ہیں۔

اے ایف پی نے ایک امریکی حکومتی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر حملے کے 20سال مکمل ہونےسے قبل امریکہ اپنی طویل ترین جنگ کا اختتام کرے گا۔

امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ صدر بائیڈن ’اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ افغانستان سے امریکی افواج کا گیارہ ستمبر سے پہلے مکمل انخلا کیا جائے۔

دوسری جانب شمالی افغانستان کے شہر بلخ میں ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 5 فوجی ہلاک ہو گئے۔