کورونا وائرس، دنیا کی طویل ترین پرواز میں صرف 11 مسافر عملے کے 13 ارکان

April 14, 2021

کراچی(افضل ندیم ڈوگر) کورونا وائرس کے عالمی بحران کی بنا پر سنگاپور سے نیویارک کی 350 مسافروں کی گنجائش کی دنیا کی طویل ترین کمرشل پرواز میں صرف 11 مسافروں نے سفر کیا۔ دلچسپ امر یہ کہ ان 11 مسافروں کی خدمت پر 13 رکنی عملہ مامور تھا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سنگاپور ایئر لائن کی کمرشل پرواز ایس کیو 24 نے سنگاپور چنگی ایئرپورٹ سے امریکا کے نیویارک ایئر پورٹ کیلئے 13 اپریل کی رات ایک بجکر 26 منٹ پر ٹیک آف کیا۔ یہ دنیا کی طویل ترین کمرشل پرواز ہے جو 17 گھنٹے 56 منٹ کا مسلسل اور طویل ترین سفر طے کرکے صبح 7 بجکر 22 منٹ پر نیویارک پہنچی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس پرواز کیلئے دو سال قبل اپریل 2018 میں پہلی اڑان بھرنے والی نئی ایئربس اے 350 استعمال کی گئی جس میں مسافروں کی 3 کیٹگریز میں 350 افراد کی گنجائش ہے کورونا وائرس کے عالمی بحران کی وجہ سے اگر یہ تعداد نصف بھی کردی جائے تو پرواز میں کم از کم 175 مسافروں کو سفر کرنا چاہیے۔