سگ گزیدگی کے واقعات، سیکرٹری بلدیات، کمشنر اور ایڈمنسٹر عدالت طلب

April 14, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سگ گزیدگی ویکسین کی عدم دستیابی اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے سیکرٹری بلدیات، کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور میونسپل کمشنرز کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی کی آنکھ ضائع ہوگئی، کوئی مر گیا، بزرگوں نے پارکوں میں چہل قدمی کرنا بند کردی ، کب ایکشن لینگے، کتنے کے کاٹنے واقعات بڑھ رہے ہیں، آپ کب ایکشن لینگے۔ جسٹس محمد علی علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو آوارہ کتوں کے کاٹنے، ویکسین کی عدم دستیابی اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ واقعات بڑھنے پر عدالت شدید برہم ہوگئی۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے واقعات نہیں رک رہے متعلقہ حکام کیا کر رہے ہیں؟ سیکرٹری بلدیات بتائیں، کیا پیش رفت ہوئی؟ سیکرٹری بلدیات کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے پیش رفت ہو رہی ہے۔ درخواست گزار نے موقف دیا 2019 میں 92 ہزار واقعات رونما ہوئے۔ 2020 میں 2 لاکھ 60 ہزار 715 واقعات رونما ہوئے۔ اس سال 5 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے۔