لاپتہ افرا دکو بازیاب کرکے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں، لواحقین

April 14, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مبینہ طور پر لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے انکی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انہیں انصاف فراہم کرتے ہوئے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائے اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کرکے ملکی آئین اور قانون کے تحت مقدمات چلائے جائیں ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مظاہرے میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ ، سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے ، اس موقع پر مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے ذاکر مجید کی والدہ و دیگر لاپتہ بلوچوں کے اہل خانہ نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لئے وہ گزشتہ بارہ سال سے اپیلیں کررہے ہیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہورہی، انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کے لئے ہم اسلام آباد تک گئے وزیراعظم نے ہمیں یقین دہانی کرائی کہ ہمارے پیارے جلد بازیاب ہونگے لیکن اب تک وہ بازیاب نہیں ہوئے اور نہ ہی ہمیں ان سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی گئی انہوں نے کہا کہ اقتدار سے پہلے حکمران لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کے دعوے اور اعلانات کرتے ہیں اقتدار میں آکر وہ اپنے دعوے اور وعدے بھول جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج بھی لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی تصویریں اٹھائے مظاہرے کررہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے آئین و قانون کے تقاضے پورے کیے جائیں اور انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ہمیں منظور ہوگا ۔