وسیم سےعلیحدگی بہت جلد ختم ہوجائے گی: شنیرا

April 15, 2021

سوئنگ کے سلطان کے لقب سے مشہور سابق قومی کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی اپنی اور اپنے شوہر کے درمیان کی دوریاں جلد ختم ہونے کی منتظر ہیں۔

اس ضمن میں شنیرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک معمر جوڑا طویل عرصے کی جدائی کے بعد ملا۔

ویڈیو میں دِکھایا کہ ایک معمر شخص نے اپنی اہلیہ سے اچانک ملاقات کرکے اُسے زندگی کا بہترین تحفہ دیا۔

شنیرا نے یہ جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بہت خوبصورت ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے شوہر وسیم اکرم سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ہم بھی بہت جلد اس طرح سے ملیں گے۔‘

شنیرا نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ145DaysApart کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے کہ وہ گزشتہ 145 دنوں سے وسیم اکرم سے دور ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شنیرا نے انسٹاگرام پر وسیم اکرم کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ہم 145 دن سےالگ رہے ہیں اور یہ اب تک کی ہماری طویل علیحدگی ہے۔‘


شنیرا نے لکھا تھا کہ ’اگرچہ میرا دل روزانہ ٹوٹتاہے لیکن مجھ میں ہمت ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ دنیا جلد ہی اپنی پریشانیوں کا خاتمہ کر دے گی کیونکہ ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو ہم سے کہیں زیادہ ہمت ہار گئے ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں وسیم اکرم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’وسیم! آپ بہت زیادہ یاد آرہے ہیں آپ تصور بھی نہیں کرسکتے ہیں، آپ ہمارے لیے سب کچھ ہیں۔‘

خیال رہے کہ شنیرا اور اُن کی بیٹی عائلہ گزشتہ کئی ماہ سے آسٹریلیا میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ اُن کے شوہر وسیم اکرم پاکستان میں موجود ہیں۔

آسٹریلوی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر آسٹریلیا کی بارڈرز بند کی ہوئی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ شنیرا اس قدر اپنے شوہر وسیم اکرم کو یاد کررہی ہیں۔