عوام رمضان میں بھی حکومتی ریلیف سے محروم ہیں‘ ن لیگ

April 17, 2021

کوئٹہ (پ ر )پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ نے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کے وسائل کو دونوں ہاتھو ں سے لوٹنا شروع کردیا۔رمضان المبارک میں روزہ داروں کی سہولت کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جاسکے ۔یوٹیلیٹی سٹورز سمیت ہر شعبہ لوٹ مار میں مصروف ہے مگر افسوس کسی کو عوام کی مشکلات کا احساس تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی اشیائے خوردونوش کی ہر چیز عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ حکمران عوام کی سہولت کیلئے کوئی اقدامات نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر شہر میں سستا بازار لگایا جائے تاکہ عوام کو کچھ سہولت میسر آسکے جبکہ تاجر برادری بھی سستے بازار کا انعقاد کریں اور گوشت، سبزیوں، پھلوں و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔درایں اثناء انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں مقامی کوچ کمپنی کی کوچ جلانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حادثات تو روز کا معمول ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ واقعہ کے بعد بسوں کو جلا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے مسئلے کو قبائلی رسم و رواج کے مطابق حل کیا جائے۔