موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی چوری میں ملوث بلوچستان پولیس کے 2 اہلکار گرفتار

April 18, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سے موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی چوری میں ملوث بلوچستان پولیس کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا،ملزمان کا گروہ مسروقہ گاڑیاں بلوچستان لے جا کر فروخت کرتا تھا،پولیس کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ایک کارروائی میں بلوچستان پولیس کے دو اہلکاروں آصف اور عبدالقادر کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے چوری کی موٹرسائیکل برآمد کر لی ، گرفتار ملزمان بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں تعینات ہیں، ابتدائی تفتیش میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ کراچی سے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چوری کر کے بلوچستان کے علاقے پنجگور لے جا کر فروخت کرتے تھے،پولیس نے بتایا کہ منتقلی کے دوران اگر کوئی انہیں روکتا تھا وہ اپنا پولیس کا کارڈ انہیں دکھاتے تھے اور اسکی رعایت حاصل کرلیتے تھے ۔ پوکیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے بعد اس میں مزید اہم پیشرفت کا بھی امکان ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے بلوچستان پولیس کو بھی آگاہ کیا جائے گا ۔