رمضان بازار میں 20روپے کمی سے چینی 65روپے کلو فروخت

April 18, 2021

ملتان‘ جلال پور پیروالا‘ شجاع آباد (سٹاف رپورٹر/ نامہ نگاران) ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد نے گزشتہ روز تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیر والا کا طوفانی دورہ کیا۔ انہوں نے رمضان بازاروں، گندم خریداری مراکز،احساس کفالت سنٹرز اور اراضی ریکارڈ سنٹرز کا معائنہ کیا۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شجاع آباد اور جلالپور پیر کا وزٹ کیا اور شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کی تحصیل بار کونسلز کے عہدیداران اور تاجر نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔اسسٹنٹ کمشنرز مدثر ممتاز، محمدزبیر اور تحصیلدار سہیل کھوکھر بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں چینی پر فی کلو 20روپے اور 10 کلوآٹے کے بیگ پر65 روپے سب سڈی دی جارہی ہے۔گھی اور آئل پر دس سے پندرہ روپے فی کلو گرام رعائت دی جارہی ہے۔اسی طرح رمضان بازار میں قائم فئیر پرائس شاپس پر13 اشیائے ضروریہ پر25 فیصد سب سڈی دی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں گندم خریداری کاٹارگٹ 1لاکھ84 ہزار میٹرک ٹن ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لئے17 مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ابتک 38ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کر لی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ احساس کفالت سنٹرز کے ذریعے ضلع میں 1لاکھ72ہزار896 مستحقین مستفید ہونگے۔ضلع میں 17ہزار 789 مستحقین کو12 ہزار فی کس کے حساب سے امداد فراہم کی جا چکی ہے اور اب تک21 کروڑ روپے سے زائد رقم مستحقین میں تقسیم کی جا چکی ہے۔