بابر اعتماد پر پورا اترے، کامیاب ترین کپتان بننے کی اہلیت موجود، احسان مانی

April 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2019 میں جب بابر اعظم کو پہلی مرتبہ قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تو اس فیصلے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا تھا مگر وہ بورڈ کے اعتماد پر پورا اترے، کوئی شک نہیں ہے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بناتے رہیں گے، ان میں پاکستان کا کامیاب ترین کپتان بننے کی قابلیت موجود ہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے چھ سیریز جیتی ہیں۔ اتوار کو ایک بیان میں احسان مانی نے کہا کہ بیرون ملک سیریز میں کامیابی بہت اہم ہوتی ہیں، پرامید ہوں کہ اس فتح سے انفرادی طور پر کھلاڑیوں اور مجموعی طور پر ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، بابراعظم نے خود کو ایک متاثرکن کپتان ثابت کیا ہے۔ یہ ٹی 20 ورلڈکپ کا سال ہے، ہمیں جنوبی افریقاکے خلاف کامیابی پر اکتفاء کی بجائے انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کے لیے مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ان کی کوچنگ ٹیم کے دیگر ارکان کی تعریف کرتے ہیں، چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان اور محمد رضوان کی عمدہ کارکردگی سے ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو استحکام ملا ہے۔