سرکاری نرخ کی خلاف ورزی، 153منافع خوروں کے خلاف کارروائی

April 19, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی انتظامیہ کی ماہ رمضان المبارک میں کھانے پینے کی اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے اور مہنگی اشیا فروخت کرنے والے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری ہے، سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر 153 منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں دودھ ، فروٹس ،سبزی، مرغی ،کریانہ ، گوشت ، آٹا، بیکری سمیت کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والوں پر چار لاکھ 95ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ جمعہ اور ہفتے کو دو روز میں 302 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی اور دس لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ،کمشنر کراچی نوید شیخ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہم کو موثر بنائیں تاکہ اشیا دستیاب رہیں سرکاری نرخ نافذ ہو اور شہریوں کو ماہ رمضاں میں ہر ممکنہ ریلیف ملے، علاوہ ازیں کمشنر آفس کے مطابق دو روز میں 66 دودھ فروشوں پر 3 لاکھ 55ہزار روپے ،75 پھل فروشوں پر 92 ہزار روپے، کریانہ والے 29 دکانداروں پر ایک لاکھ 67 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا