حکومت طاقت اور جبر سے لوگوں کے نظریات تبدیل نہیں کر سکتی، ابوالخیر زبیر

April 19, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے اور اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، حکومت طاقت اور جبر سے لوگوں کے نظریات کو تبدیل نہیں کر سکتی، ملک میں احتجاجی صورت حال اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے ذمہ داران کالعدم تنظیم تحریک لبیک سے معاہدہ کرنے والے وفاقی وزرا ہیں، حکومت نے معاہدہ کو قرضارداد کے طور پر پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا وعدہ کیا، مگر ایسا نہیں کیا گیا، جس سے صورت حال خراب ہوئی، حکمرانوں نے مظاہروں کو روکنے کے لئے مذاکراتی راستہ اپنانے کی بجائے تصادم کی راہ اپنائی ۔ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نےمشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اسلام دشمن پالیسیاں تشکیل دینے سے گریز اختیار کرے، انھوں نے کہا کہ حکومت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ و دیگر رہنماؤں کو رہا کرے اور صلہ رحمی سے کام لے۔