پشاور، کنٹینر سے 1 لاکھ 3000 لیٹر غیر معیاری و مضر صحت خوردنی تیل برآمد

April 19, 2021

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کنٹینر سے 1 لاکھ 3000 لیٹر غیر معیاری و مضر صحت خوردنی تیل برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران مضر صحت خوردنی تیل کا کاروبار کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق خوردنی تیل کینٹرز کے ذریعے رنگ روڈ پر واقع فلنگ سنٹر لایا گیا تھا، جہاں پر اسے استعمال شدہ ٹینز میں ڈال کر مقامی بیکریز، چیپس فیکٹریز اور ہوٹلز کو سپلائی کیا جاتا تھا، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یہ غیر معیاری خوردنی تیل انسانی صحت کے لئے نہایت مضر ہے۔ کارروائی میں فلنگ سنٹر کو سیل کردیا گیا، جبکہ بڑی تعداد میں استعمال شدہ گھی کے کنستر کو بھی قبضے میں لے لئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق دیگر اضلاع میں بھی خوراک سے وابستہ کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ ہری پور میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک ہوٹل کو سیل کردیا، اسی طرح ڈی آئی خان میں انسپکشنز کے دوران بڑی تعداد میں زائد المعیاد مشروبات برآمد کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق اپر دیر کے علاقے داروڑہ بازار میں انسپکشن کے دوران 5 کلو سے زائد ممنوع اشیاء برآمد کرلئے گئے، جس پر دکانداروں کو ورننگ نوٹس جاری کئے گئے۔