26 اپریل سے لاک ڈائون نرم کردیں گے،نکولا سٹرجن

April 21, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولاسٹرجن نے26اپریل سے لاک ڈائون کی چند پابندیاں نرم کرنے کی تصدیق کردی ہے اور یوں5ماہ کے بعد زندگی خاصی حد تک معمول پر آجائے گی، تمام دکانیں، کیفے، پب، جم، میوزیم اور لائبریریز سماجی فاصلے کی پابندیوں، کورونا کے متعلق حفاظتی تدابیر اور چند شرائط کے ساتھ کھل جائیں گی، پورے یوکے میں سفر کیاجازت دے دی جائے گی، البتہ بین الاقوامی سفر پر پابندیاں ابھی نافذ رہیں گی، اسکاٹ لینڈ کورونا لاک ڈائون کے لیول 4 سے3 پر آجائے گا، دو گھرانوں کے6افراد، ریسٹورنس یا کیفے کے اندر بیٹھ سکیں گے اور بلڈنگ کے باہر کھلی جگہ پر الکحل بھی مہیا کی جائے گی۔ لوگ ٹیک اوے کے اندر جاکر اپنا آرڈر دے سکیں گے، جنازے اور شادی کی تقریب میں50افراد شامل ہوسکیں گے۔ نکولا سٹرجن کا کہنا ہے کہ اگر حالات اسی طرح بہتری کی طرف گامزن رہے تو17مئی کو لیول 2 کا آغازکردیا جائے گا جس کے بعد محدود تعداد میں لوگ نہ صرف گھروں کے اندربیٹھ سکیں گے بلکہ ہاسپیٹلٹی سیکٹرز کی پابندیاں بھی مزید نرم کردی جائیں گی۔ 17مئی کو لیول 2 پرآجائیں گے، 7جون کو لیول 1 اور پھر انشاء اللہ زیرو پر آجائیں گے اور یوں جولائی میں حالات تقریباً معمول پر آجائیں گے۔