پرویز الٰہی کیخلاف غیرقانونی بھرتی انکوائری بند کرنے کی درخواست کی سماعت

April 21, 2021

لاہور (نمائندہ جنگ)احتساب عدالت لاہور میں چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کی انکوائری بند کرنے کیلئے نیب درخواست کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد نے 26اپریل کیلئے نیب کو نوٹس جاری کردئیے، نیب پراسیکیوٹر اسد اللہ اعوان نے عدالت میں ریفرنس پر دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ چوہدری پرویز الٰہی اوردیگر کے خلاف 79 غیر قانونی بھرتیوں کی انکوائری زیر التوا تھی، انکوائری میں نامزد جاوید قریشی اور مشیر عالم وفات پا چکے ہیں، نیب ریفرنس کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی وزیر لوکل گورنمنٹ تھے تو متذکرہ افراد کو سولہویں اسکیل میں بھرتی کیا گیا تھا، شکایت گزارکے مطابق ان افراد کو قانونی تقاضے پورے کئے بغیر بھرتی کیا گیا، ان میں سے آدھے سے زیادہ افراد ریٹائر ہو چکے ہیں ، غیر قانونی بھرتیوں کیلئےرولز میں نرمی اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کی تھی،مرکزی ملزمان وفات پا چکے ہیں لہٰذا انکوائری بند کی جائے۔