ماحولیاتی کانفرنس کا آغاز، صدر بائیڈن کا گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی کا اعلان

April 22, 2021


امریکا میں دو روزہ عالمی ماحولیاتی ورچوئل کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔ عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے 2030 تک ماحول کو نقصان پہنچانے والی گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں 50 سے 52 فیصد تک کمی کرنے کا اعلان کر دیا۔

امریکا میں وائٹ ہاؤس کے زیراہتمام دو روزہ عالمی ماحولیاتی ورچوئل کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف کام نہ کرنے سے اس کے نقصانات بڑھتے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی معیشتوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں قدم بڑھانے ہوں گے، امریکا اس معاشی اور اخلاقی ناگزیر عمل کے لیے رہنمائی کا انتظار نہیں کر رہا، امریکا اس صدی کے آخر تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نصف حد تک کمی لائے گا۔

انھوں نے کہا کہ کوئی قوم تنہا ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے پر قابو نہیں پاسکتی، یہ کانفرنس محفوظ، خوشحال اور پائیدار مستقبل کی طرف ایک قدم ہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے کوئلے کے استعمال میں کمی لانے اور 2060 تک ملک کو کاربن فری بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

روسی صدر پیوٹن نے تمام ممالک کو ماحولیاتی تبدیلی پر مشترکا سائنسی تحقیق کی تجویز دی۔