شہزادہ فلپ کی موت کے سبب ملکہ نے اپنی95 ویں سالگرہ خاموشی سے منائی

April 23, 2021

لندن(پی اے )شہزادہ فلپ کی موت کے سبب ملکہ نے گزشتہ روز اپنی95ویں سالگرہ خاموشی سے منائی،اس موقع پر شاہی خاندان کے تمام افراد جمع ہوئے اور وہ شہزادہ فلپ کیلئے صبح کی دعائیہ تقریب کے دوران ملکہ کو سنبھالا دیتے رہے۔ اطلاعات کے مطابق شاہی فیملی کے بعض ارکان ملکہ کے ساتھ ونڈسر کاسل کے اندر بھی گئے۔ملکہ کی سالگرہ شاہی سوگ کے 2 ہفتوں کے اندر ہی پڑی تھی جبکہ شاہی سوگ جمعہ تک منایاجائے گا ،اس لئے اس موقع پر سالگرہ کے حوالے سے کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی ۔وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے ٹوئٹر پر لکھاہے کہ میں ملکہ کی 95 ویں سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے نیک جذبات کا اظہار کرتاہوں ۔میرے دل میں ملکہ کیلئے ہمیشہ بے پناہ احترام رہاہے اور مجھے ملکہ کی زیر قیادت وزیر اعظم کے فرائض انجام دینے کاموقع ملنے پر فخر ہے ،شہزادہ فلپ کی فیملی اور دوست ڈیوک کو آخری سلام پیش کرنے ہفتہ کو ونڈسر کاسل میں جمع ہوئے تھے۔ 73 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد اپنی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر ملکہ پہلی مرتبہ انتہائی تنہائی محسوس کررہی تھیں، برطانیہ کے دیگر عوام کی طرح ملکہ نے بھی گزشتہ 12 ماہ لاک ڈائون میں گزارے اس دوران انھیں اپنی فیملی کے بعض مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا،کورونا وائرس کی وجہ سے ملکہ کی گھریلو صورتحال بالکل تبدیل ہوگئی اور وہ اپنے شوہر فلپ اور گھر کے تھوڑے سے لوگوں کے ساتھ آئسولیٹ ہوگئی تھیں جسے HMS Bubble کا نام دیاگیاتھا اپنی زندگی کے آخری 12ماہ کے دوران شہزادہ فلپ اسی طرح ملکہ کے ساتھ ایک چھت تلے رہے جس کا آغاز انھوں نے شادی کے بعد کیا تھا تاہم ملکہ کی عملی زندگی کاکچھ حصہ آن لائن ہوگیاتھااور وہ مختلف ممالک کی جانب سے نامزد نئے سفیروں سے بھی ویڈیو کالز پر ہی ملاقات اور بات کرتی تھیں ،اور وزیر اعظم کے ساتھ ان کی ہفتہ وار ملاقات ٹیلی فون پر بات چیت میں تبدیل ہوگئی تھی ۔گزشتہ اپریل میں اور کرسمس پر ملکہ نے قوم کے نام اپنے پیغام میں قوم کو کورونا کے دوران متحد اور پر عزم رہنے کی تلقین کی تھی۔ملکہ کےپوتے ڈیوک آف کیمبرج نے شہزادہ فلپ کے خواب پورے کرنے ،ملکہ کا خیال رکھنے اور اپنے فرائض انجام دیتے رہنے کے عزم کا اظہار کیاہے ۔کورونا کی وجہ سے یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب سرکاری طورپر ملکہ کی سالگرہ کی تقریب جوTrooping the Colour کے نام سے ہرسال جون میں ہوتی ہے منسوخ کی گئی ہے ،گزشتہ سال جون میں ونڈسر کاسل میں ایک تقریب ہوئی تھی جسے منی ٹروپنگ کانام دیاگیاتھا لیکن بکنگھم پیلس کا کہناہے کہ ملکہ کے بکنگھم شائر کے گھر پر متبادل پریڈ پر غور کیاجارہاہے۔