دشمنوں کو بلوچستان کا امن وامان برداشت نہیں ہورہا،بی این پی

April 23, 2021

کوئٹہ ( آن لائن ) بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری لقمان کاکڑ نے گزشتہ روز کوئٹہ کےہوٹل میں رونما ہونے والی دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں ایسے واقعہ کا ہونا نہایت ہی شیطانی عمل ہے، اس واقعہ میں جو بھی عناصر ملوث ہیں وہ ہرگز مسلمان کہلانے کے لائق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو بلوچستان کا امن وامان برداشت نہیں ہو رہا ،بلوچستان کے عوام نے کسی کا کیا بگاڑا ہے کہ ہمیں اپنی سرزمین پر سکون سے رہنے نہیں دیا جاتا ہم ابھی تک اپنے پرانے شہیدوں کا سوگ منا رہے تھے ان شہیدوں کی بیویاں بچے مائیں اور بہنیں ابھی تک یہ سوچ ہی رہیں تھیں کہ ہم اس عید الفطر پر بھی شہیدوں کا سوگ جاری رکھیں گے یا رشتہ داروں کے ساتھ عید منائیں گے کہ دہشتگردوں نے ان کے غم پھر سے تازہ کر دئیے اس بات کو قطعاً نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ اس دھماکے کے پس منظر میں سی پیک ہے ہمیں قطعاً ایسے سی پیک کی ضرورت نہیں کہ جس کے ثمرات سے دوسرے صوبے کے عوام مستفید ہوں اور شہیدوں کی لاشیں ہمیں اٹھانی پڑیں۔