معروف امریکی شخصیات کا ماکھیہ برائنٹ کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس

April 23, 2021

امریکا کی ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس میں پولیس فائرنگ میں 16 سالہ سیاہ فام لڑکی ماکھیہ برائنٹ ہلاکت پر معروف امریکی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکی کی جانب سے سوشل میڈیا پر مسلسل اس واقعے کے بارے میں تبصروں کا سلسلہ جاری ہے اور اب مشہور امریکی شخصیات بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کررہی ہیں۔

معروف امریکی گلوکارہ بیونسے کنولز نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ماکھیہ برائنٹ کی تصویر شئیر کی ہے اور ساتھ لکھا ہے کہ ’ہمیں نوجوان ماکھیہ برائنٹ کی ہلاکت پر افسوس ہے۔‘

اسی طرح امریکی اداکارہ زندایا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماکھیہ برائنٹ کی ایک یادگار تصویر شئیر کی۔


تصویر شئیر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ’ماکھیہ برائنٹ، میرے پاس اس واقعے کے بارے میں بات کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔‘

امریکی فلم ساز اور اداکارہ جاڈا پنکٹ اسمتھ نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماکھیہ برائنٹ کی یادگار تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ’ ہم نے ایک اور بچی کو کھودیا۔‘


امندا گورمین، جسٹن بیبر، جسٹن ٹمبرلاک اور دیگر معروف امریکی شخصیات نے بھی اس واقعے پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ16 سالہ سیاہ فام بچی کی ہلاکت کا واقعہ 20 اپریل 2021 کو کولمبس، اوہائیو میں پیش آیا تھا، تقریباً اس وقت جب پولیس آفیسر ڈریک چووین کو جارج فلائیڈ کے قتل کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی پر فائرنگ کرنے والے پولیس افسر کی شناخت نکولس ریارڈن کے نام سے ہوئی ہے۔