پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو کنکریٹ نے ڈھک دیا

April 25, 2021

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو کنکریٹ نے ڈھانپ رکھا ہے، شہری یہاں پرندوں کی چہچہاہٹ اور کوئل کے نغمے سننے کو ترس گئے۔ شہر میں کوئی تو جگہ ہوگی جہاں سبزہ آنکھوں میں ٹھنڈک پیدا کردے اور بلبل کی صدا کانوں میں رس گھول دے؟

یہ کراچی کا فضائی منظر دیکھیں تو ایک بے حس و بے جان کنکریٹ کا جنگل ہے، جو زمانے کے سرد گرم سہہ کر خود اپنی صورت بگاڑ چکا ہے، لیکن یہ صحرا میں نخلستان کیسا؟ سبز جزیرہ معلوم ہونے والی آخر یہ کیا چیز ہے؟ کیا کوئی اربن فاریسٹ؟ یقینا یہاں رہنے والے شوروغل، دھول مٹی اور تپتی دھوپ سے محفوظ ہونگے۔

لیکن یہ کیا یہ تو شہر خموشاں ہے، جہاں ہزاروں مکین قطار در قطار ابدی نیند سورہے ہیں۔

شہر کے دیگر قبرستانوں کی طرح سخی حسن قبرستان میں بھی لواحقین اپنے پیاروں کی قبور کے سرہانے، درخت لگا گئے، جو دیکھتے ہی دیکھتے شہر خموشاں کو ڈھانپتے چلے گئے۔

دوسری طرف شہر کے سب سے بڑے پارک، بینظیر بھٹو پارک میں ایک بھی درخت نہیں، آخر شہر والے یہ سب کیوں نہیں کرسکتے؟

ماہر ماحولیات کے مطابق کراچی میں مقامی درختوں کی کمی سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے گھٹن بڑھ رہی ہے اور سانس لینا دو بھر، سبزے کی کنجوسی اور گاڑیوں کے زہریلے دھوئیں نے شہریوں کی اوسط عمر 2 سال تک گھٹا ڈالی ہے، یہاں پر وہ حبس ہے کہ لوُ کی دعا مانگتے ہیں لوگ۔