بھارت میں کورونا: پیٹ کمنز کا وزیراعظم فنڈز میں 50 ہزار ڈالرز کا عطیہ

April 26, 2021

بھارت میں کورونا وائرس کی تشویش ناک صورتحال کے پیشِ نظر بھارتی وزیراعظم کے کورونا فنڈز میں عطیات دینے میں والوں آسٹریلوی کرکٹر پیٹ کمنز بھی شامل ہوگئے۔

انڈین پریمیئر لیگ میں کلکتہ کی جانب سے شرکت کے لیے پیٹ کمنز اس وقت بھارت میں ہی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں اس وقت کورونا وائرس کی حالت تشویش ناک حد تک خراب ہے اور وہاں یومیہ ڈھائی لاکھ سے ساڑھے تین لاکھ تک کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

ایسے میں بھارتی وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم کورونا کیئر فنڈ شروع کیا گیا جس میں عطیات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس وقت بھارت میں موجود پیٹ کمنز نے بھی وزیراعظم کورونا فنڈ میں 50 ہزار ڈالر کا عطیہ کردیا۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیراعظم کیئر فنڈ میں حصہ ڈالا ہے، جس کا مقصد بھارت کے اسپتالوں میں آکسیجن خریدنا ہے۔

انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میں اپنے دیگر ساتھی کھلاڑیوں کا بھی حوصلہ بڑھاؤں گا کہ وہ اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں اس میں شروعات کرتے ہوئے 50 ہزار ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔