کرینہ اور کرشمہ کے والد رندھیر کپور کورونا میں مبتلا، ممبئی کے اسپتال میں داخل

April 29, 2021

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد رندھیر کپور کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انھیں ممبئی کے مضافات میں واقع کوکیلا بین اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انکی کیفیت بہتر ہے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

بالی ووڈ کے چوٹی کے فلم ساز راج کپور کے 74 سالہ بیٹے اور سینئیر بالی ووڈ اداکار رندھیر کپور کے دو چھوٹے بھائی 67 سالہ اداکار رشی کپور اور 58 سالہ راجیو کپور کا ایک سال کے عرصے کے دوران انتقال ہوا ہے۔

یاد رہے کہ رشی کپور کا گزشتہ برس 30 اپریل کو کینسر کی وجہ سے اور راجیو کپور کا اسی سال فروری میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوا۔

رندھیر کپور نے ویسے تو کئی فلموں میں کام کیا لیکن فلم کل آج اور کل، جیت، جوانی دیوانی، لفنگے، رام پور کا لکشمن اور ہاتھ کی صفائی میں اپنے کردار کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔