او ٹی پی پر مواد کا گرتا معیار، نوازالدین صدیقی کو تشویش

April 30, 2021

بھارت کے اسٹار اداکار نواز الدین صدیقی نے او ٹی ٹی پر مواد کے گرتے ہوئے معیار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران نواز الدین صدیقی نے ویب سیریز کے مواد کے گرتے معیار پر روشنی ڈالی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی نے مواد کے معاملے میں کہا کہ ’یہ تو ہے، یہ بہت زیادہ ہورہا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ابھی دھول اُڑ رہی ہے، جلد ٹھیک ہوجائے گی، آگے جاکر دونوں میڈیم، فلم اور ویب سیریز، ایک ساتھ کام کریں گے۔‘

اپنے انٹرویو کے دوران نواز الدین صدیقی نے روشنی ڈالی کہ کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے او ٹی ٹی کے مواد کی پروڈکشن بڑھی ہے جس کی وجہ سے اس کا معیار خراب ہوا۔

انھوں نے مزید کہا کہ معیار تو خراب ہوا ہے اور بہت بری طرح خراب ہوا ہے۔

نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ لوگ اچھا مواد اور اداکاری دیکھنا چاہتے ہیں، یہ اس طرح ممکن نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ انھیں کچھ بھی پیش کردیں اور کسی بھی اسٹار کو سامنے لے آئیں، اس طرح یہ ہٹ نہیں ہوگی۔

اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ او ٹی ٹی کے سامعین مختلف ہیں، وہ اچھا مواد دیکھنا چاہتے ہیں۔