بھارت میں کورونا سے اموات میں اضافہ، عالمی امداد اب تک ریاستی اسپتالوں تک نہ پہنچ سکی

May 04, 2021

بھارت کے اسپتالوں میں آکسیجن نہ ملنے پر کورونا مریضوں کی اموات میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔ بھارتی حکومت اسپتالوں میں اضافی آکسیجن کی فراہمی میں مسلسل ناکام ہے۔ جبکہ بھارت کو ملنے والی عالمی طبی امداد اب تک کسی ریاست یا اسپتال تک نہ پہنچ سکی ہے۔

گذشتہ پانچ روز میں دلی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے 3 سو ٹن طبی امداد کہاں گئی؟ بھارتی نیوز ویب سائٹ نے سوال اٹھا دیے۔

ترجمان دلی ایئرپورٹ کا کہنا ہے دنیا بھر سے پچیس پروازوں کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں آکسیجن کنسنٹریٹرز، آکسیجن سلنڈرز اور ریمڈیسیور انجیکشنز پہنچے ہیں۔

دلی کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے بتایا طبی امداد میں سے اب تک کچھ نہیں ملا ہے، دلی کے علاوہ تامل ناڈو، بہار، مغربی بنگال سمیت دیگر کئی ریاستوں میں بھی اب تک غیرملکی طبی امداد نہیں پہنچی۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی وزارت صحت کے حکام نے اب تک ان کے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔