وکلا انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، فواد چوہدری

May 06, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وکلا کا دستور کی عملداری اور قانون کی حکمرانی میں کلیدی کردار ہے، وکلا جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے وفد کے علاوہ ڈسٹرکٹ جہلم، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کی بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے بھی ملاقاتیں کیں۔

بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے وفاقی وزیراطلاعات کو وکلا برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وکلا برادری کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشنز میرا دوسرا گھر ہیں، ان کے ساتھ خاندانی وابستگی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وکلا کا دستور کی عملداری اور قانون کی حکمرانی میں کلیدی کردار ہے، وکلا جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی میں وکلا کا مثالی اور روشن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے وفود کو یقین دلایا کہ وزیراعظم نے بار ایسوسی ایشنز سے رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ٹاسک دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نوجوان وکلا کے چیمبرز کی تعمیر کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ تک قرض کی فراہمی ممکن بنائیں گے، جبکہ وکلا کو وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے میں بھی شریک کرنا زیرغور ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی بار ایسوسی ایشنز کا جلد دورہ کروں گا۔

فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ بار جہلم کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا، جبکہ سوہاوہ اور پنڈ دادن خان بارز کے لیے 10، 10 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔