سپر لیگ کی امارات منتقلی، فرنچائزز چھوٹا نقصان اٹھانے کو تیار

May 07, 2021

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل فرنچائزوں نے پی سی بی کو خط لکھا ہے جس میں ویڈیو لنک پر میٹنگ کی خواہش ظاہر کی ہے توقع ہے کہ میٹنگ ہفتے کو ہوگی۔ فرنچائز اپنے بڑے نقصان سے بچنے کے لئے ٹورنامنٹ امارات شفٹ کرنے اور چھوٹے نقصان کے لئے تیار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ ٹورنامنٹ کراچی میں یکم سے 20 جون تک سخت بایو سیکیور ببل میں ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے جس برطانوی کمپنی سے بایو سیکیور ببل کا معاہدہ کیا ہوا ہے ، اس کمپنی کی ٹیم گذشتہ دنوں کراچی کا دورہ بھی کرچکی ہے۔ اس وقت پی سی بی کے لئے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جمعے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں لانگ ویک اینڈ شروع ہورہا ہے۔ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے دس دن دفاتر بند ہوں گے اس لئے پی سی بی کو جلد فیصلہ کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ اس وقت اگر ٹورنامنٹ ملتوی یا منسوخ ہوتا ہے تو پی سی بی اور فرنچائزوں کو بھاری نقصان ہوگا۔ این سی او سی کورونا کی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں ٹورنامنٹ کرانے کی اجازت نہیں دیتی تو ٹورنامنٹ عرب امارات منتقل ہوسکتاہے۔ این سی او سی عید کے بعد کورونا کی شرح کو دیکھ کر فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔ پی سی بی کے لیے ایونٹ مکمل کرانا ضروری ہے اور آگے ونڈو ملنا مشکل ہے اسی بنیاد پر سی بی ایونٹ کو یو اے ای منتقل کرنے پر رضا مند ہے۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے کراچی میں شیڈول ہیں اس کیلئے قرنطینہ کی مدت 22 مئی سے شروع ہونی ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل کے دو دن بعد پاکستانی ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی۔ذرائع کہتے ہیں کہ وقت کی کمی کے باعث پی سی بی کو فوری اجازت درکار ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول نے پی سی بی کو حتمی جواب نہیں دیا تاہم پی سی بی چاہتا ہے کہ جمعے کو عید کی تعطیلات سے قبل صورتحال کلیئر ہو تاکہ ٹورنامنٹ کو اگر بیرون ملک لے کر جانا ہے تو اس سلسلے میں تیاریاں شروع ہوسکیں۔