عمران خان کاIMF ڈیل میں غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں، معافی مانگیں، بلاول بھٹو

May 07, 2021

عمران خان کاIMF ڈیل میں غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں، معافی مانگیں، بلاول بھٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔ عمران خان آئی ایم ایف ڈیل پر اب نظرثانی کے بجائے پہلے ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت یوں تباہ نہ ہوتی۔

جمعرات کو جاری بیان میں بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وزیراعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے‘ آئی ایم ایف سے غلط ڈیل کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں، یہ ملک ہے، کوئی کلاس روم نہیں۔