نوجوان کی شہادت میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے، لیاقت لہڑی

May 07, 2021

کوئٹہ(پ ر)سیاسی و قبائلی رہنما معروف ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے گزشتہ روز پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی شہادت اور اس کے بھائی کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے نہ کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلے انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس کے اعلیٰ حکام واقعہ کی تحقیقات کروائیں اور اس میں ملوث پولیس کے اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور واقعہ کے محرکات بھی عوام کے سامنے لائے جائیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں قانون کے رکھوالے اس طرح کی گھناؤنی حرکات اپنے شہریوں کے ساتھ نہیں کرتے بلکہ وہ کسی بھی بڑے سے بڑے مجرم کو قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قانون کے شکنجے میں جکڑتے ہیں نہ کہ خود منصف بن کر شہریوں کی جان سے ہولی کھیلیں۔