PTIکے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا،کمی نہیں آئی،احمد جواد

May 08, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان ہما امیر شاہ کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب حکومت کے لئے ڈراونا خواب بنتا جارہا ہے الیکشن سندھ میں ہو یا پنجاب میں یا پھر کے پی میں ہر جگہ ہی تحریک انصاف کو شکست کا منہ دیکھنا پڑرہا ہے ۔ ن لیگ وزیرآباد ، ڈسکہ کے بعد اب خوشاب کا ضمنی الیکشن بھی جیت گئی ہے ۔حالات یہی رہے تو 2023ء میں عام انتخابات میں پنجاب تحریک انصاف کے لئے مشکل میدان ثابت ہوسکتا ہے۔ایک کے بعد ایک شکست وہ بھی پنجاب میں پی ٹی آئی کے لئے باعث پریشانی ضرور ہوگا ۔سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے کمی نہیں آئی ہے،جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے سربراہ ظفر عباس کا کہنا تھا کہ اس وقت جے ڈی سی کا سب سے بڑا پروجیکٹ 30 ہزار مریضوں کا مفت ڈائیلیسز ہے جس کے لئے پچاس سینٹر کا قیام ہے۔سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے کمی نہیں آئی ہے پنجاب کے جن حلقوں سے ن لیگ نے انتخاب جیتا ہے وہ ان کے ہی امیدواروں کی جانب سے خالی کردہ نشستیں تھیں ۔ کراچی کی جو نشست ہے اس کے حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے اور لگ یہ رہا ہے کہ شاید یہاں پر بھی ری پولنگ کی جانب جانا پڑے تاہم یہ بات ہمارے لئے خوش آئند ہے کہ جو بات ن لیگ اور پی پی کے دور حکومت میں ممکن نہیں تھی کہ اپوزیشن کوئی ضمنی الیکشن جیت سکے لیکن پی ٹی آئی حکومت میں ایسا نہیں ہے جو اچھی اور خوش آئند بات ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ 2023ء کے الیکشن میں جب ہم جائیں گے تو عوام ہماری پرفارمنس پر ہمیں دوبارہ منتخب کریں گے ۔ الیکٹرونک ووٹنگ کے طریقہ کار پر میزبان کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار کو سمجھنے کے لئے صدر مملکت عارف علوی نے اپوزیشن کو دعوت دے ڈالی ہے تاہم اپوزیشن اس حوالے سے کوئی لچک دکھاتی نظر نہیں آرہی ہے اور صورتحال یہ ہے کہ الیکشن ریفارمزمنظور کرانا حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔گلوکار عدنان سمیع کے صاحبزادے اذان سمیع خان کے گانے ”تو“ کا ٹیزرجاری ہوگیا ہے اس حوالے سے ایک رپورٹ بھی جیو پاکستان کا حصہ تھی ۔