عوام سروس کی بہتری کیلئےغیر منظور شدہ سگنل بوسٹرز استعمال کرتے ہیں، پی ٹی اے کی وضاحت

May 08, 2021

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )پی ٹی اے نے ملک کے مختلف حصوں میں سروے کے ذریعے چیک کیا جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کی جن مقامات پر لوگوں نے کسی قسم کے بوسٹر نصب کئے ہیں اس کی بنیا د ی وجہ وہاں موبائل کمپنیوں کے سگنل کا کمزور ہوناہے ، یہی وجہ ہے کہ لوگ سروس کی بہتری کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں تاہم غیر مجاز اور غیر منظور شدہ سگنل بوسٹرز کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے کی جانب سے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، پی ٹی اے نے لاہورسمیت دیگر شہروں میں غیر قانونی سگنل بوسٹرز کے استعمال بارے جنگ میں شائع خبر بارے وضاحت کی ہے کہ کہ خبر کے مندرجات حقائق پر مبنی نہیں ہیں،پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ عوام کی آگاہی کے لئے تشہیری مہمات بھی کی گئی ہیں تا کہ وہ قابل اطلاق قوانین کے مطابق کسی قسم کی تکلیف اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے غیر قانونی، سگنل بوسٹرز / ایمپلیفائرزکی خریداری یا ان کا استعمال نہ کریں ، غیر منظور شدہ سگنل بوسٹرز، ایمپلیفائرز اور ریپیٹرز کا استعمال پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ 1996 کے تحت قابل سزا جرم ہے،پی ٹی اے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتا ہے ، مزید براں پی ٹی اے متاثرہ علاقوں میں نیٹ ورک کوریج اور کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے موبائل آپریٹروں کو ہدایات جاری کرتارہتاہے، نمائندہ جنگ کے مطابق خبر حقائق پر مبنی ہے جسے پی ٹی اے کی وضاحت میں بھی تسلیم کیا جا رہا ہے ۔