ملزمان کی عدم گرفتاری ، وکلا ء کا آج عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

May 08, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کے رہنما قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے فیض اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف 8 مئی ہفتہ کو پورے بلوچستان میں ہڑتال کی جائے گی اور کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوگا ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پرنجم الدین مینگل،عبدالمالک بلوچ ایڈوکیٹ،عمران لانگو ایڈووکیٹ عبد الواحد ایڈووکیٹ ، ملک منیر سکندر ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیض اللہ کاکڑ کے ساتھ پیس آنے والا واقعہ ہرلحاظ سے قابل مذمت ہے،ایک ملزم کی گرفتاری کے بعد دیگر ملزمان کی گرفتاری کوئی مشکل کام نہیں لیکن پولیس اور لیویز حکام تاحال دیگر ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکے ہیں جو قابل تشویش عمل ہے ۔ پولیس فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کے ساتھ اس طرح کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں اور نہ ہی ایسے واقعات پر خاموش رہیں گے بلکہ اپنے وکلاء کا ہر صورت دفاع کریں گے ۔