انوشکا اور ویرات کی امدادی مہم، 24 گھنٹوں میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد جمع

May 08, 2021

بھارتی اداکارہ انوشکا شرما اور ان کے شوہر کرکٹر ویرات کوہلی نے بھارت میں کورونا مریضوں کی مدد کے لیے چندے کی صورت میں ایک دن کے اندر ساڑھے تین کروڑ سے زائد روپے جمع کرلیے۔

خیال رہے کہ ایک دن پہلے دونوں اسٹارز نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے پیشِ نظر اور مریضوں کی مدد کو دیکھتے ہوئے امدادی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم اب فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے رقم جمع ہونے سے متعلق بتایا کہ ’آپ لوگوں کی مدد کے ساتھ ہم نے اپنے مقررہ ہدف کا نصف حصہ حاصل کرلیا ہے جو 3 کروڑ 60 لاکھ بھارتی روپے بنتا ہے‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس عطیہ کرنے میں آپ سب کی شکرگزار ہوں۔

دوسری جانب انوشکا کے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی سوشل میڈیا پر اسی طرح کی پوسٹ شیئر کی۔

ویرات کوہلی نے بتایا کہ 24 گھنٹے کے اندر اندر 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جمع کرلیے ہیں۔

خیال رہے کہ اسٹار جوڑی نے 7 کروڑ کی رقم جمع کرنے کا ہدف بنایا تھا جبکہ خود نے اس میں 2 کروڑ روپے شامل کیے تھے۔