نیو کراچی میں SOPs کی خلاف ورزی، رات گئے تک خریداری

May 09, 2021


کورونا وائرس کی وباء سے اموات بھی بعض دکانداروں کے ہوش ٹھکانے نہ لا سکیں۔

نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، رات گئے تک تنگ گلیوں میں دکانیں کھلی رہیں، سیکڑوں لوگ عید کی خریداری میں مصروف رہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

کراچی کے علاقے گودھرا میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ بے خبر نظر آئے جہاں رات گئے عید کی خریداری ہوتی رہی، شہریوں نے ماسک پہننے کی پابندی پہ بھی عمل نہیں کیا۔

خواتین، بچے اور بزرگ سب ماسک کے بغیر نکلے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے آنکھیں بند کر لیں۔

گودھرا مسلم، بسم اللّٰہ ہوٹل کے قریب رات دیر تک دن کا سماء لگا رہا، کیونکہ دکانداروں نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانیں کھلی رکھیں۔

خواتین، بچے اور بزرگ عید کی شاپنگ بے خوفی سے کرتے رہے، یہاں تک کہ کسی نے ماسک تک نہیں پہنا ہوا تھا۔

گودھرا میں ایس او پیز کی اس کھلم کھلا خلاف ورزی اور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی غیر ذمے داری اور بے خبری سے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جناب حسین آباد کی فوڈ اسٹریٹ میں پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانیں بند کرا دیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیکری اور ریستوران مالکان کو جرمانےکیئے، کئی دکانیں سیل کر دی گئیں، صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں۔

فائیو اسٹار چورنگی کے قریب فوڈ اسٹریٹ پر بھی ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جا نب سے صرف ٹیک اوے کی سہولت تھی۔

نارتھ کراچی میں مدیحہ اسٹاپ کے قریب بھی پولیس نے اشیائے ضروریہ کے علاوہ تمام دکانیں بند کرا دیں۔

ناگن چورنگی پر ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد گارمنٹس کی دکانیں سیل کر دی گئیں، تاہم دکاندار بڑی تعداد میں بند دکانوں کے باہر رات گئے تک موجود رہے۔

مارکیٹیں بند ہونے کے باوجود شہر میں ٹریفک معمول سے زیادہ رہا، جبکہ نوجوان بغیر ماسک کے بے مقصد باہر گھومتے رہے۔