پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئےکردار ادا کریں گے، سعودی وزیرخارجہ

May 10, 2021

پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئےکردار ادا کریں گے، سعودی وزیرخارجہ

اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فاران السعود نے کہاہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے سعودی عرب کرداراداکرے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ سیز فائر درست سمت میں شاندار اقدام ہے‘پاکستان افغان امن کیلئے اہم کرداراداکررہاہے ‘پاکستان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے کلیدی کردار ادا کررہا ہے‘مزیدپاکستانی افرادی قوت کوسعودی عرب میں خوش آمدید کہیں گے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کو ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے انٹرویو میںسعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فاران السعود کا کہناتھاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں‘پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں‘انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن رہتے ہیں جو قومی ترقی میں بنیادی کردار ادا کررہے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کا معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے سیاسی ، سکیورٹی تعاون اور بالخصوص اقتصادی تعاون میں اضافہ ہو گا۔

ان کا کہناتھاکہ دونوں ملکو ں کے درمیان گو کہ طویل عرصہ سے تعلقات ہیں لیکن دونوں ممالک نے اس کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا ۔انہوں نے پاکستان کے اسلامو فوبیا کے سد باب کے لئے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔

اسلامی ممالک کی تنظیم کو برداشت کے مسئلہ کے حل کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے‘ اسلام کے بارے میں توہین آمیز رویے سے نمٹنے کے لئے مکالمہ کی ضرورت ہے اور مسلم امہ کو اس مسئلے کا مل بیٹھ کر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔