لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر57دکانیں سر بمہر،80افراد زیر حراست

May 11, 2021

راولپنڈی، خصوصی نامہ نگار(اپنے رپورٹرسے، خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں لاک ڈائون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پیر کو بھی کارروائی جاری رہی ۔راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر راولپنڈی اور ٹیکسلا میں کارروائی کے دوران 52دکانوں کو سربمہر کر کے 55دکانداروں کو حراست میں لے لیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی وقاص صفدر سکندری نے باڑہ مارکیٹ، موتی بازار، کمرشل مارکیٹ اور صادق آباد کے علاقوں میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 34 دکانوں کو سربمہر اور 41 دکان مالکان کو گرفتار کر لیا۔اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا نے 18دکانوں کو سر بمہر ، 14افراد کو گرفتار کیا اور 6 ایف آئی آرز درج کرائیں۔ دریں اثناءڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے پیر کو شہر کے مختلف کاروباری مراکز اور علاقوں کا دورہ کیا جہاں لاک ڈاؤن اور اشياء کی قيمتوں کا جائزہ ليا گیا۔مختلف اشياء خوردونوش کی دکانوں کو جُرمانے اور سيل کی گئیں، مارگلہ ہلز کو جانے والے راستے پر ناکہ لگا ديا گيا۔ڈی سی حمزہ شفقات مارگلہ کی پہاڑيوں پر رضاکاروں کے ساتھ صفائی مہم ميں شرکت کی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بھی پیرکو شہر کے مختلف علا قوں میں چیکنگ کے دوران کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور گراں فروشی کے مرتکب 25افراد کو گرفتار کر لیا ، 5 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد سے مجموعی طور پر 65500روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔13 پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو بند اور 6 کے چالان اور دو صنعتی یونٹ بھی سیل کئے گئے۔