غیر معیاری خوردنی اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

May 11, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر معیاری خوردنی اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹلز،قصابوں،فوڈ پوائنٹ کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا ذرائع کے مطابق کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں قائم ہوٹلز و فوڈ پوائنٹس جو غیر معیاری خوردنی اشیاء فروخت کررہے ہیں ان کے خلاف بھر پور کارروائی کافیصلہ کرلیا ہے اس ضمن میں مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں جو شہباز ٹائون، جناح ٹائون، ماڈل ٹائون اور گلستان روڈ میں قائم ہوٹلز،دکانوں،فوڈ پوائنٹس، ریڑھی بانوں جو غیر معیاری سبزیاں و پھل،گوشت فروخت کرتے ہیں ان کے خلاف کریک ڈائون شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کریں گی اور جو بھی ہوٹل، دکان غیر معیاری اور مہنگے داموں اشیاء خوردونوش فروخت کرے گا اس کے خلاف کنٹونمنٹ بورڈ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جرمانے اور ہوٹلز دکانیں بھی سیل کی جاسکتی ہیں حکام کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں ایسے تمام ہوٹلز کیخلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور مہنگے داموں خوردنی اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹلز دکانوں ریڑھی بانوں کو جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے رہائشیوں کو صاف ستھری اور سستے داموں خوردنی اشیاء کی فراہمی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔