لانگ مارچ کب کرنا ہے، جلد راستے کا تعین کریں گے، شاہد خاقان

May 11, 2021

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کب کرنا ہے، اپوزیشن اتحاد جلد اپنے راستے کا تعین کرے گا۔

جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکومت کو بجٹ اجلاس میں ہم سے نہیں اپنے اندر سے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد کا اعتماد توڑا ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی کرسی کے معاملے میں حکومتی بینچز سے لوگوں کو اپنے ساتھ ملایا۔


سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سے ہم 160 نشستیں خالی کرتے تو اس کا اثر ہوتا، پیپلز پارٹی کے جانے سے اب نشستیں خالی کرنے سے وہ اثر نہیں ہوگا، جو ہم چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اظہار یکجہتی کیلئے فلسطینی سفارتخانہ کا دورہ کیا، اس معاملے میں جو فلسطین کی پالیسی ہے وہی ہماری پالیسی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہم نے متنازع کردیا ہے، حکومت کا ہر دوسرے دن یو ٹرن ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ناصرف غیر اخلاقی بلکہ غیر قانونی بھی بات کرتے ہیں، میری رائے ہے حکومت ملک کے مسائل حل کرے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ کیس نیب کے بنائے ہوئے ہیں، نیب ہی کو کیس چلانا ہے، وزیراعظم کا نیب کیسز سے کیا تعلق ہے۔