اسلام آباد ائیرپورٹ پر کورونا کے مریضوں کی نشاندہی کیلئے سراغ رساں کتے رکھنے کا فیصلہ

May 13, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ائیرپورٹ پر کورونا کے مریضوں کی نشاندہی کے لیے سراغ رساں کتے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے گزشتہ روز کتوں کی ٹیم کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کتوں کی ٹیم کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے کورونا مریضوں کی شناخت کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ عرب میڈیا نے کہا کہ یو اے ای حکومت نے کورونا کیسز کی شناخت کے لیے تربیت یافتہ کتوں کی ایک ٹیم تشکیل دی ہے جسے وزارت داخلہ کی جانب سے متعارف کروایا گیا ہے۔