لاک ڈاؤن فائدہ مند، کورونا صورتحال بہتر، ٹرانسپورٹ آج، کاروبار اور دفاتر کل سے بحال، این سی او سی بدھ کو دوبارہ جائزہ لیگا

May 16, 2021

لاک ڈاؤن فائدہ مند، کورونا صورتحال بہتر

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ،جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)لاک ڈاؤن فائدہ مند،کورونا صورتحال بہتر، بین الصوبائی، انٹرسٹی، انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق آج ، کاروبار کل سےرات 8بجے تک کرنے کی اجازت، دفاتربھی کل سے50فیصد حاضری کیساتھ کھلیں گے، ٹرینیں 70فیصد مسافروں کیساتھ چلیں گی۔

این سی او سی بدھ کوصورتحال کا دوبارہ جائزہ لےگا، مزید برآںملک میںوائرس سے مزید 84جاں بحق، 1531نئے مریض، مثبت شرح 5ریکارڈ، فعال کیسز کم ہوکر 71804 رہ گئے۔

سندھ میں13مریض چل بسے ،1232افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی،صوبے میں اموات ا ورزیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

چیئرمین این سی اوسی اسد عمر، لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

فورم نے عید تعطیلات کے دوران ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لیااور اطمینان کا اظہار کیا، فورم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوںکو سراہا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بین الصوبائی ، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پہلے دی گئی تاریخ 17 مئی کے بجائے آج 16 مئی 2021 ء سے دوبارہ معمول کے مطابق چلے گی۔

ریلوے 70فیصد کے ساتھ اپنے آپریشن کو برقرار رکھے گا جب کہ کل 17 مئی سے تمام دفاتر، بازار اور دکانیں ایس اوپیز کے تحت کھل جائیں گی جنہیں رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی جبکہ دفاتر میں 50فیصد عملے کے ساتھ عمومی اوقات کار دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔

اجلاس میں تمام فریقین نے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا، عوام کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدام کو بھی سراہا گیا، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہو گا۔

ادھر پنجاب میں لاک ڈاؤن 16مئی سے بڑھا کر 24 مئی تک کرنے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم لاک ڈاؤن مزید بڑھائے جائے گا یا نہیں فیصلہ این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں ہوگا۔

دوسری جانب ملک میں کوروناسےمزید84جاں بحق،1531نئے مریض،کیسوں کی مثبت شرح 5.06 فیصدرہی،عید کے تین دنوں میں فعال کیسزمیں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ملک میں اب تک 8 لاکھ 74 ہزار 751 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی،گزشتہ روز کورونا کے مزید ہزار مریضوں نے اس وبا کو شکست دے کر صحتیاب زندگی کی جانب اپنے قدم بڑھائے۔

اس طرح اس وبا کو شکست دینے والے مریضوں کی کل مصدقہ تعداد 7 لاکھ 83 ہزار 480 ہے، اعداد و شمار کے مطابق کورونا نے مزید 84افراد کی جان لے لی ، اس طرح اب تک ملک میں اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 19 ہزار 467 ہے۔

ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 71 ہزار 804 ہے، جن میں سے 4 ہزار 387 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے اور کورونا کیسز نقطہ عروج سے 61فیصد نیچےآگئے ہیں۔

یہاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 مریض انتقال کرگئے جبکہ 1232 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، مثبت کیسز کی شرح 9 رہی،سندھ میں فعال کیسز بڑھ کر 18477 تک پہنچ گئے، 666 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 62 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 1232 نئے کیسز میں سے 529 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی کے 237،ضلع جنوبی 135، ضلع وسطی 97،ملیر 36، کورنگی 16 اور ضلع غربی کے 8 کیسزشامل ہیں ۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ طرح حیدرآباد سے 266، دادو 154،ٹھٹھہ 52، جامشورو46،سانگھڑ 39، مٹیاری 33، بدین29،میرپورخاص 14،ٹنڈو الہیار 12، گھوٹکی اور نوشہروفیروز8۔8،لاڑکانہ اور سجاول 7۔7، شہید بے نظیر آباد 6،سکھر 4، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ اور خیرپور میں سے ایک ایک کیس رپور ٹ ہوا ہے ۔ , مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ ڈسٹرکٹ ممبر پشاور زاہد مہمند کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔