فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم ‘حکومت بھرپور آواز اٹھائے‘ ن لیگ

May 16, 2021

کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ نے فلسطین پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کا قتل انسانی المیہ ہے ۔اسرائیل کئی روز سے نہتے فلسطینیوں اور مسجد الاقصیٰ پر تواتر کیساتھ حملے کررہا ہے جس میں سیکڑوں مسلمان شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی آشیرباد سے اسرائیل نے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے افسوس کہ دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینین، افغانستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ مسلمان حکمران غلامی چھوڑ کر مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کریں کیونکہ او آئی سی بھی اقوام متحدہ کی طرح امریکی کی لونڈی کا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی جماعتیں حکومت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور عالمی فورم پر بھرپور آواز اٹھائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ ہے ۔