محکمہ موسمیات اور ریڈ کریسنٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونگے

May 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض نے کراچی میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور نئے قائم شدہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر(ای او سی) کے کاموں اور افادیت کی تعریف کی۔ اس دورے کا مقصد محکمہ موسمیات پاکستان اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کے درمیان موسم کی پیشں گوئیوں اور خطرات سے متعلق ابتدائی انتباہ کے بارے میں معلومات کو عام کرنے پر باہمی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے اس تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایم ڈی محمد ریاض نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کو موسم کی پیشن گوئیوں اور خطرات سے متعلق ابتدائی انتباہ کے بارے میں معلومات کو فراہم کرنے میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ کو اپنے عملے اور رضاکاروں کے لیے موسم کی نگرانی اور پیش گوئی سے متعلق اصطلاحات کو سمجھنے کے لئے مختلف تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں بھی معاونت کرے گا۔