جھوٹ اور غلط بیانی سے معاشی تباہی چھپائی جا رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

May 24, 2021


چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہجھوٹ اور غلط بیانی سے معاشی تباہی کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کے لیے پرانی مردم شماری کا استعمال کیا، وزیراعظم صاحب، مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں سے معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے 90روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا، آج حکومت کا ایک ہزار 11واں دن ہے، ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج تک جتنے وعدے اور دعوے کیے، ایک کو بھی پورا نہ کرسکے، عمران خان عوام کے سامنے سرنڈر کر کے جھوٹے دعوے پر معافی مانگیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ملک کی غذائی اجناس کی درآمدی بل میں53 فیصد کا اضافہ معاشی کارکردگی پر طمانچہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔