کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن، وزیرِاعلیٰ سندھ جائزہ لینے پہنچ گئے

May 26, 2021


سندھ کے شہر شکار پور میں کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آپریشن کا جائزہ لینے شکار پور پہنچ گئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی آفس میں امن و امان کی صورتِ حال پر مشاورت کی، انہوں نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایس ایس پی آفس شکار پور پہنچے، جہاں ان کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ مشتاق مہر، آر پی او سکھر ڈاکٹر کامران فضل اور ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب شریک ہوئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے شہید پولیس اہل کار منور کے اہلِ خانہ سے اظہارِتعزیت کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو انجام تک پہنچائیں گے، کچے کے تمام علاقوں کو خالی کرایا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک لاکھ 50 ہزار ایکڑ اراضی خالی کرائیں گے، سندھ حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء کے ساتھ ہے، حکومت شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسائل ہیں لیکن 2008ء سے پہلے سے حالات اچھے ہیں، پولیس کے جوانوں کی شہادتوں کی وجہ سے امن و امان قائم ہوا ہے، پولیس کی مدد سے علاقے میں پہلے بھی امن قائم کیا تھا، اب بھی کریں گے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ مجھے اطلاع نہیں کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید سندھ آ رہے ہیں، شیخ رشید سندھ آئیں یا شکار پور، وہ وفاقی وزیرِداخلہ ہیں، آ سکتے ہیں۔