• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچے میں پولیس کا آپریشن ،8 ڈاکو ، 2 اہلکار شہید


سکھر کے ریجنل پولیس آفیسر کامران فضل نے کہا ہے کہ کچے میں جاری آپریشن کے دوران اب تک 8 ڈاکو ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 2 پولیس اہلکار سمیت 3 شہید اور 4 زخمی ہوئے ہیں ۔

شکارپورکے ڈی سی آفس میں ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آر پی او سکھر کامران فضل کا کہنا تھا کہ سندھ کے مختلف علاقوں سے 12 افراد کو اغوا کرکے گڑھی تیغو کے علاقے میں یرغمال بناکر رکھا گیا تھا۔

اغواکاروں کی روز بروز بڑھتی وارداتوں کے باعث شہریوں میں خوف پھیل گیا تھا،12 مغویوں کو بازیاب اور ملزمان کو گرفتار کرنے کےلیے گزشتہ رات آپریشن شروع کیا گیا۔

آپریشن کے دوران اب تک 6 مغوی بازیاب اور 3 اغوا کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اے پی سی پر راکٹ حملے میں اے پی سی ڈرائیور اور ایک کانسٹیبل سمیت ایک سول شخص شہید اور4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

سکھر کے ریجنل پولیس آفیسر نے اس موقع پر دعویٰ کیا کہ پولیس کی جانب سے جاری کارروائی میں اب تک 8 ڈاکو ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں اور اغواکاروں سے ہر صورت پاک کیا جائے گا۔

تازہ ترین