شکارپور میں کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف تیسرے روز بھی آپریشن جاری رہا، جس میں ان کے سو سے زائد ٹھکانوں کو آگ لگادی گئی، مقابلے کے بعد 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
ایس ایس پی امیر سعود مگسی کے مطابق آپریشن گڑھی تیغو اور دیگر علاقوں میں کیا گیا، جس میں شکارپور سمیت کشمور، لاڑکانہ اور جیکب آباد کی نفری نے بھی حصہ لیا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران اب تک ڈاکوؤں کے 100 سے زائد ٹھکانوں کو آگ لگائی گئی، جبکہ آج مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
امیر سعود مگسی نے کہا کہ 2 روز قبل 12 مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ آپریشن میں اب تک دو پولیس اہلکار اور ایک فوٹو گرافر شہید ہوا ہے۔
ایس ایس پی شکارپور آپریشن کے دوران اب تک 8 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے 12 ڈاکوؤں کو ساتھی لے گئے۔