بیلجیئم: کورونا سے ہلاکتوں کا 25000 کا ہندسہ عبور

June 05, 2021

بیلجیئم میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں نے 25000 کا ہندسہ عبور کر لیا، یہ بات ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سائنسانو نے بتائی۔

ادارے کے مطابق ملک میں اس وباء کے 2020ء میں آغاز سے لیکر اب تک ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 25014 ہوچکی ہے۔

سائنسانو کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل کمی کے آثار ہیں۔ اس وقت بیلجیئم کے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 1007 مریض داخل ہیں۔ ان میں سے 341 انتہائی نگہداشت کے حصے میں ہیں جن میں سے 219 افراد وینٹی لیٹر پر ہیں۔

بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں خاطر خواہ کمی آر ہی ہے ۔ اسی لیے حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کی گئی کچھ پابندیوں میں بھی نرمی کی ہے، بیلجیئم کی حکومت نے ایمرجنسی کی صورتحال کے حوالے سے کچھ نمبر مقرر کر رکھے ہیں۔

اس کے مطابق اگر اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت میں 500 سے کم مریض ہوں تو یہ ایک اچھی صورتحال شمار ہوگی۔

جمعہ کے روز اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد بیلجئین وزیر اعظم نے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

اس کے تحت 9 جون بدھ کے روز سے بار، ریسٹورنٹ اور کیفے گاہکوں کو اندر بھی بٹھا سکیں گے جبکہ ان کے کھولنے کے اوقات بھی بڑھا کر صبح 5 بجے سے رات کے ساڑھے 11 بجے تک کر دیے گئے ہیں۔

یکم جولائی سے ویکسین کورس پورا کرنے والے افراد کوویڈ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کے ساتھ یورپین حدود میں سفر بھی کر سکیں گے لیکن سفر اور ویکسین لگوانے کے دوران دو ہفتے گزر چکے ہوں، ایسا نہ ہونے کی صورت میں پی سی آر منفی ٹیسٹ ضروری ہوگا۔

اس کے ساتھ ہی حکومت نے شہریوں کو مسلسل محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے ان کے لیے 10 احتیاطوں پر مشتمل گائیڈ لائن بھی جاری کی ہے۔